Saturday, April 20, 2024

دوہزار سات میں شروع ہونیوالا فوجی آپریشن اب ردالفساد میں تبدیل ہوچکا ہے: آرمی چیف

دوہزار سات میں شروع ہونیوالا فوجی آپریشن اب ردالفساد میں تبدیل ہوچکا ہے: آرمی چیف
March 14, 2017
راولپنڈی (92نیوز)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاکستانی اوربرطانوی افواج کا مشترکہ سیمینارمنعقد ہوا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ کا کہناتھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کےلئے 2007 میں شروع ہونے والا فوجی آپریشن اب ردالفساد میں تبدیل ہو چکا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاکستان اور برطانوی افواج  کے مشترکہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا عنوان استحکام اور امن کی کوششوں کے تجربات کا تبادلہ تھا۔ پاک برطانوی سیمینار سے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتےہوئے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج گزشتہ کئی سال سے ملک میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ 2007 میں فوجی آپریشن کے بعد سے پاکستانی مسلح افواج مسلسل مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن اب آپریشن ردالفساد میں تبدیل ہو گیا ہے جس کا مقصد ملک سے انتہا پسندی و دہشتگردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام ہے۔ پاک یوکےسیمینار میں برطانوی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے کی۔ لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرزنے اپنے خطاب میں کہا پاک فوج کی قربانیوں نےپاکستان ہی نہیں دنیاکوبھی محفوط بنایا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ، عوام اور افواج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سیمینار میں برطانوی ہائی کمیشن کے ارکان، مختلف ممالک کے سفیر، ملٹری اتاشی، اور اعلیٰ فوجی حکام کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں اور تھنک ٹینکس نے شرکت کی۔