Friday, March 29, 2024

دوہری شہریت رکھنے پر سینیٹر سعدیہ عباسی اور سینیٹر ہارون اختر نا اہل قرار

دوہری شہریت رکھنے پر سینیٹر سعدیہ عباسی اور سینیٹر ہارون اختر نا اہل قرار
October 17, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) دوہری شہریت رکھنے پر سینیٹر سعدیہ عباسی اور سینیٹر ہارون اختر نااہل قرار دے دیئے گئے، عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو دونوں کی نشستوں پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوئی ایسا شخص ممبر پارلیمنٹ نہیں بن سکتا جو دو کشتیوں میں سوار ہو، گورنر پنجاب چودھری سرور کی دستاویزات کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔ ارکان پارلیمنٹ کی دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نےکی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کےبعد لیگی سینٹر سعدیہ عباسی اورسینیٹر ہارون اخترکو بھی سپریم کورٹ نے نا اہل قرار دے دیا اور الیکشن کمیشن کوحکم دیا کہا کہ وہ سعدیہ عباسی اور ہارون اختر کو ڈی نوٹیفائی کرکے ان کی نشستوں پر دوبارہ انتخابات کرائے۔ سینٹرہارون اخترکے وکیل علی ظفر کا کہناتھا کہ ان کے موکل نے کینڈین شہریت چھوڑنے کا بیان حلفی عدالت میں جمع کرادیا ہے اس پرچیف جسٹس نے کہا کہ بیان حلفی نہیں شہریت ترک کرنے کا سرٹیفیکٹ دیکھائیں۔  انھوں نے کہا کہ وکلا کی تشریح مان لیں تو پھر پوری پارلیمنٹ دوہری شہریت لے لے گی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کا ریمارکس میں کہناتھا کہ آئین کے  ارٹیکل 63 کی روح یہ ہے دوہری شہریت کا حامل ممبر پارلیمنٹ نہ بنے۔ کوئی ایسا شخص ممبر پارلیمنٹ نہیں بن سکتا جو دو کشتیوں میں سوار ہو۔ دوہری شہریت کے حامل دوسرے ملک کی شہریت چھوڑ کرالیکشن لڑ لیں۔ عدالت نے سینیٹر نزہت صادق کے شہریت چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانے کا حکم کا دیا۔ تاہم گورنر پنجاب چوہدری سرور کے دستاویزات کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔ چوہدری سرور کی تصدیقی رپورٹ آنے پر مزید سماعت ہوگی۔