Thursday, April 25, 2024

دوسری شادی کیلئے  مصالحتی کونسل کی اجازت بھی لازم قرار

دوسری شادی کیلئے  مصالحتی کونسل کی اجازت بھی لازم قرار
June 24, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) دوسری شادی کے خواہشمند حضرات نے اگر مصالحتی کونسل سے اجازت نہ لی تو جیل اور جرمانہ ہو گا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری شادی کیلئے بیوی سے اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری قرار دے دی ، عدالت نے دوسری شادی کرنےوالے آزاد کشمیر کے رہائشی کی بریت  پہلی بیوی کی اپیل پر کالعدم قرار دے دی۔ عدالت نے تحریری فیصلہ آزادکشمیر کے رہائشی لیاقت علی میرکی بریت کےخلاف پہلی بیوی کی اپیل پرسنایا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بیوی کی اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل انکار کردے تو دوسری شادی پرمسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے مطابق سزا اور جرمانہ ہو گا۔ لیاقت علی میرنے 2011 میں دلشاد بی بی سے پسند کی شادی  کی،2013 میں بیوی اور مصالحتی کونسل کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کی،مجسٹریٹ اسلام آباد نے مصالحتی کونسل کی اجازت کے بغیرشادی کرنے پرلیاقت علی میر کوایک ماہ قید اور5 ہزارجرمانے کی سزا سنائی تھی،ایڈیشنل سیشن جج نے کشمیر کا باشندہ ہونے کی وجہ سے لیاقت علی میر کوبری کیا۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا ہے کہ جس شخص کے پاس قومی شناختی کارڈ ہے ،اس پر تمام قوانین کا اطلاق ہو گا۔ نکاح اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہے،عدالت کا مکمل دائرہ اختیار ہے۔