Saturday, May 18, 2024

دوسروں کی جان بچانے والے ادارے 1122 کو اپنی جان بچانے کے لالے پڑ گئے

دوسروں کی جان بچانے والے ادارے 1122 کو اپنی جان بچانے کے لالے پڑ گئے
June 15, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب میں عام آدمی کو سفری سہولتوں کی فراہمی کےلئے میٹرو بس پنجاب حکومت کی ترجیح ہے لیکن لاکھوں افراد کی زندگیاں بچانے والا ادارہ ریسکیو 1122 فنڈز کی کمی کے باعث دم توڑنے لگا۔ مایوس ہوئے اس ادارے نے اپنی بقاءکےلئے چندہ مانگنا شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسانی زندگی بچانے کےلئے سابقہ دور میں شروع کئے گئے منصوبے کا آغاز لاہور سے ہوا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنے جذبہ خدمت اور اعلیٰ اخلاق کے باعث لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا لی لیکن شاید سیاسی مخالفین کا فلاحی منصوبہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں اسی لئے تو ریسکیو 1122 فنڈز کی کمی کے باعث اب لوگوں سے چندہ مانگنے پر مجبور ہو گیا۔ کہیں آگ لگ جائے یا ہو جائے روڈ ایکسیڈنٹ 1122 انسانی زندگی بچانے کےلئے سب سے تیزرفتار اور مفت طبی سہولت فراہم کرنے میں پیش پیش نظر آتی ہے۔ ضرورت موقع پر طبی سہولت دینے کی ہو یا مریض کو ہسپتال پہنچانے کی 1122 ادارہ ہمیشہ اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے انجام دیتا آ رہا ہے لیکن اب 1122 کو جانیں بچانے کے ساتھ ساتھ اپنی بقاءکےلئے بھی لڑنا پڑ رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے ترقی اور جدید سہولتوں کے دعوے ایک طرف مگر 1122 کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ کبھی میٹرو بس منصوبے تو کبھی سڑکوں کےلئے خطیر رقوم خرچ کی جاتی ہیں لیکن شاید حکومت کی عوام آدمی کو ملنے والی اس بنیادی سہولت کی طرف توجہ ہی نہیں۔