Thursday, March 28, 2024

دوسراٹیسٹ،یاسرشاہ نے 90 کے مجموعی اسکور پرنیوزی لینڈ کی ٹیم کو پویلین بھیج دیا

دوسراٹیسٹ،یاسرشاہ نے 90 کے مجموعی اسکور پرنیوزی لینڈ کی ٹیم کو پویلین بھیج دیا
November 27, 2018
ابو ظہبی ( 92 نیوز ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین  تین میچز کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کا تیسر ا روز یاسر شاہ کے نام رہا ۔ یاسر شاہ نے ایک ہی روز میں 8 وکٹیں حاصل کر کے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 90 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹا دیا۔ شاہ نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں اڑا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ یاسر شاہ کا  پہلا شکار جیت راول  ہوئے جو گھومتی گیند کو سمجھ نہ پائے اور گیند نے ان کی وکٹ اڑا دی ۔  روز ٹیلر  اور ہینری نیکلز  یاسر شاہ کی ایک ،ایک گیند ہی سمجھ پائے ، دونوں بلے باز دوسری دوسری گیند  پر کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔ اوپنر ٹام لیتھم  بھی یاسر شاہ کی گیندوں کو سمجھنے سے قاصر رہے اور امام الحق کو کیچ تھما بیٹھے ۔  ایش سوڈھی اورٹرینٹ بولٹ نے  یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر  سرفراز احمد کو کیچ تھمائے ۔  نیل ویگنر اور اعجاز پاٹیل  یاسر شاہ کی گیندوں پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ گرینڈ ہوم حسن علی کی گیند کا شکار ہوئے ،وہ ایل بی ڈبلیو ہوئے  جبکہ ڈی جے واٹلنگ  رن آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹے ۔آج کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہو تھا۔ پاکستان کو پہلی اننگز میں 328 رنز کی برتری حاصل ہے ،پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فالو آن کرانے کا فیصلہ کیا  جس کےبعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے ۔ کھیل کا پہلا اور دوسرا روز پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا جنہوں نے دوسرے روز  418 رنز  بنا کر 5 وکٹوں کے نقصان پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی ۔ اوپنر اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے  تھے، امام الحق اور محمد حفیظ 9،9رنز بنا کر آؤٹ ہوئے  مگر اظہر علی ،حارث سہیل  اور بابر اعظم کی شاندار بلے بازی  کے باعث پاکستان نے 418رنز  بنائے ۔ اظہر علی نے ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے ۔ حارث سہیل نے 13چوکوں کی مدد سے 147 رنز کی اننگز کھیلی  جبکہ بابر اعظم 127 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔ اسد شفیق بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے وہ صرف 12 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے گرینڈ ہوم نے دو جب کہ ٹرینٹ بولٹ  اور اعجاز پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کا شکار کھیلا۔