Friday, April 19, 2024

دوسرا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ نیشنل بینک کےنام

دوسرا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ نیشنل بینک کےنام
October 7, 2018
لاہور(92 نیوز)  نیشنل بینک آف پاکستان نے دوسرا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ دوسرے چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ یکم تا 7 اکتوبر  کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور منعقد ہوا ، ٹائٹل جیتنے کیلئے واپڈا، نیشنل بنک آف پاکستان، سوئی نادرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈ،سوئی سدرن گیس کمپنی ،پاک بحریہ،پاک فضائیہ ،پنجاب پولیس اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم اورواپڈاکی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیشنل بنک آف پاکستا ن کی ٹیم نے فائنل میں کامیابی حاصل کی واپڈانے دوسری جبکہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان ِ خصوصی وائس چیف آف نیول سٹاف،وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے جنہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلزتقسیم کئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیم کو 5 ، دوسری کو،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو  5 لاکھ جب کہ دوسری  پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 3اورتیسری پوزیشن پر آنیوالی ٹیم کو 2 لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔ پاکستان نیوی سے تعلق رکھنے والے  راشد محمود ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے  انہیں  50,000 روپے نقد انعام سے نوازاگیا ۔  واپڈا کے علیم بلال کو بہترین سکورر جبکہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈ کے علی عمیر کو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا ،دونوں کو پچیس ، پچیس ہزار روپے انعام دیا گیا۔ مہمانِ خصوصی نے فاتح ٹیموں کو مبارک باد دی اور ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں پیٹرن پی این ہاکی (سنٹرل)، پنجاب سپورٹس بورڈ،پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپانسرز کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے  اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستانی عوا م کی قومی کھیل میں دلچسپی پیدا کرنے میں یقیناً اپنا کردار ادا کرے گا۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کے کردار بالخصوص چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2018کی وسیع کوریج کو سراہا۔ وائس چیف آف نیول سٹاف نے پاکستانی عوام اور پرائیویٹ اداروں سے قومی کھیلوں کے احیاء کے سلسلے میں اقدامات کے لئے درخواست کی۔ ٹورنامنٹ کے دوران کثیر تعداد میں ہاکی کے مقبول کھلاڑیوں اور سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباءنے شرکت کی۔