Friday, April 19, 2024

دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 538رنز کا ہدف

دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 538رنز کا ہدف
October 18, 2018
ابو ظہبی ( 92 نیوز)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ  ابو ظہبی میں جاری ہے ، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنا لئے ۔  پاکستان کو جیت کیلئے دو  روز میں 9 وکٹیں ،جب کہ آسٹریلیا کو  491 رنز درکار ہیں ۔ آسٹریلیا کی جانب سے شوئن مارش 4رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے  ۔ ارون فنچ 24 اور ٹریویز ہیڈ 17رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز  9 وکٹوں کے نقصان پر 400رنز بنا کر  ڈکلیئرکردی ۔ پہلی اننگز کے 137رنز کی لیڈ کیساتھ پاکستان کا مجموعی اسکور 537 ہوا ۔ تیسرے روز  اظہر علی  نے 54اور حارث سہیل نے 17 رنز کیساتھ  میچ کا آغاز کیا ، حارث سہیل تیسرے روز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے  جب کہ ظہر علی نے 64رنز کی  محتاط اننگز کھیلی مگر  اپنی ہی غفلت سے 64 اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے ۔ اسد شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم  کے اسکور میں خوب اضافہ کیا ،ا سد شفیق 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ بابر اعظم نے 99رنز کا اضافہ کر کے  آسٹریلیا کیلئے پہاڑ جیسا ہدف کھڑ اکر دیا، بابراعظم 99اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے آخری مزاحمت کپتان سرفراز احمد کی جانب سے کی گئی ، سرفراز احمد نے ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا اور 81 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ان کی اننگز میں 5چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سرفراز کے پویلین لوٹتے پاکستان کی جانب سے مزاحمت ختم ہو گئی ،یاسر شاہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ بلال آصف 15رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس سے قبل دوسری اننگز میں اوپنر محمد حفیظ آج پھر اچھا کھیل پیش نہ کر سکے ، محمد حفیظ 6رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے ، انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں  4رنز بنائے تھے ۔ فخر زمان اور اظہر علی نے ٹیم کو اچھا سنبھالا دیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فخر زمان نے دوسری اننگز میں بھی ففٹی اسکور کی ۔ وہ 66 اسکور بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ان کی اننگز میں 7چوکے بھی شامل تھے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 4،مارنس لیبوشگنے  نے 2 ،مچل ماش اور مچل سٹارک نےایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ قبل ازیں  دوسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 282رنز کے ہدف کے تعاقب میں  145 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی ٹیم نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنا لئے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں  بیٹنگ  ابتدا میں لڑکھڑاہٹ کا شکار ہے ۔ گزشتہ میچ کے ہیرو عثمان خواجہ تین رنز پر ہی چلتے بنے جب کہ پیٹرسڈل 4رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ دوسرے روز کا سورج بھی آسٹریلیا کیلئے خوشخبری لے کر طلوع نہ ہوسکا اور وکٹوں کی پت جھڑ کا سلسلہ جاری رہا۔مچل سٹارک 34 رنز بنا کر آسٹریلیا کی جانب سے نمایاں رہے  ۔ دیگر کوئی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔آسٹریلیا کے  5بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے  ۔ پاکستان کی جانب سے باؤلر محمد عباس نے 5 ،بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور  282 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ۔ پاکستان کی جانب سے کھیل کا اچھا آغاز نہ ہو سکا اور گزشتہ میچ میں سینچری داغنے والے پروفیسر محمد حفیظ صرف 4 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے جب کہ اظہر علی نے بھی  15رنز بنا کر ہمت ہار دی ۔ حارث سہیل ، ان کے بعد آنے والے اسد شفیق اور بابر اعظم نے قوم کو شدید مایوس کیا، تینوں  کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔حارث سہیل پہلی ، اسد شفیق اور بابر اعظم دوسری دوسری گیند پر چلتے بنے ۔ اوپنر فخر زمان کیساتھ کپتان سرفراز احمد نے کریز سنبھالی  اور دونوں نے آسٹریلین باؤلرز کا خوب امتحان لیا ، دونوں کھلاڑیوں نے 94،94رنز اسکور کر کے ٹیم کو مضبوط سہارا فراہم کیا۔ فخر زمان کی اننگز 8چوکوں اور ایک چھکے سے مزین تھی  جبکہ کپتان سرفراز احمد کی اننگز میں بھی 7چوکے شامل تھے ۔ دیگر کوئی کھلاڑی قابل ذکر اسکور نہ کر سکا ، بلال آصف 12 ،یاسر شاہ 28، محمد عباس 10 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ میر حمزہ 4 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔پاکستان کے  6کھلاڑی کیچ آؤٹ ، تین کلین بولڈ اور ایک ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے  پہلی اننگز میں ناتھن لیئون نے 4،ماربس لیبوشگنے نے 3 ،مچل سٹار نے 2اور مچل مارش نے ایک وکٹ حاصل کی ۔