Monday, May 13, 2024

دوسرا ٹیسٹ ، پاکستانی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر

دوسرا ٹیسٹ ، پاکستانی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر
December 19, 2019
کراچی  ( 92 نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹیسٹ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ  میچ  نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہاہے  ،  پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جہاں اس کی بیٹنگ لائن ابتداء سے ہی لڑکھڑاہٹ کا شکار رہی اور ساری ٹیم 191 رنز پر  پویلین لوٹ گئی ۔ پاکستان اور سری لنکا کے دوران دوسرا ٹیسٹ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جارہا ہے ، پاکستان  کی بیٹنگ لائن  ابتداء میں ہی دھوکا دے گئی ،  10 کے مجموعی اسکور پر اوپنر شان مسعود   فرنینڈوکی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ،انہوں نے 15 گیندیں کھیل کر 5 اسکور بنائے ۔ ٹاپ آرڈر اور کپتان اظہر علی  دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی اسکور بنائے  فرنینڈو کی گیند پر کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔اوپنر عابد علی کی مزاحمت بھی 38 رنز بنا کر دم توڑ گئی ، انہوں نے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا ، وہ لیہرو کمارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ کھانے کے وقفے تک پاکستانی ٹیم نے 24 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنائے تھے ۔ کھانے کے وقفے تک مڈل آرڈر بابر اعظم 27 اور اسد شفیق ایک رنز کیساتھ  کریز پر موجود تھے ۔ کھانے کے وقفے کے بعد بابر اعظم اور اسد شفیق نے محتاط اندا ز میں بلے بازی کی ، دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنائے ۔ چالیسویں اوور کی پانچویں گیند پر  بابر اعظم 60 اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے ، وہ لستھ ایمبل دینیا کی گیند پر اسٹیمپ آؤٹ ہوئے ۔ بابر اعظم کے بعد پاکستانی  وکٹوں پر پت چھڑ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوا ،  حارث سہیل صرف 9 رنز بان کر  لستھ ایمبل دینیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو ئے ۔ حارث سہیل کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے  اپنی پہلی گیند پر چوکا لگایا اور  دوسری گیند پر  کلین بولڈ ہو کر چلتے بنے ،ان کا شکار کمارا نے کیا۔ اگلی ہی گیند پر یاسر شاہ بغیر کوئی  رن بنائے کمارا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو کر میدان بدر ہو گئے ۔ محمد عباس نے 9 گیندیں کھیلیں مگر کوئی رن نہ بنا پائے ،وہ ڈی سلوا کی گیند پر لستھ ایمبل دینیا کو کیچ تھما گئے ۔ چوتھے نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والے اسد شفیق  نے 63 رنز بنائے ، وہ پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہے ، وہ کمارا کی گیند پر فرنینڈو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے ،انہوں نے 9 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 5 اسکور بنائے اور غیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے لستھ ایمبل دینیا کی گیند پر ڈی سلوا کو کیچ تھما دیا ۔ نسیم شاہ ایک گیند پر ایک اسکور بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ پاکستان کی جانب سے عابد علی ،بابر اعظم اور اسد شفیق کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔ دوسری جانب لیہرو کمارا نے 18 اوورز میں 49 رنز دیکر  4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔ لستھ ایمبل دینیا نے 20.3 اوورز میں 71 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔وشوا فرنینڈو نے  دو وکٹیں حاصل کیں ۔ دوسری جانب طویل دورانیے کی کرکٹ کی واپسی پرشہری خوشی سے سرشار ہیں ۔ماجد خان،نسیم الغنی،ظہیر عباس اوراقبال قاسم انکلوژرز میں طلبہ وطالبات کا داخلہ فری ہے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔