Monday, May 13, 2024

دوسرا ٹی 20 ، انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

دوسرا ٹی 20 ، انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
August 30, 2020

مانچسٹر ( 92 نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی ۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے  ، پاکستان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے جہاں اوپنر فخر زمان 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہو گئے ۔

اوپنر اور کپتان بابر اعظم 56 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ، شعیب ملک نے گیارہ گیندوں پر 14، محمد حفیظ نے 36 گیندوں پر 69 رنز بنائے ۔

انگلینڈ کی ٹیم نے 196 رنز کا ہدف19.1 اوورز میں  5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ،انگلینڈ کی پہلی وکٹ 66 اسکور پر گری جب  وکٹ کیپر بلے باز بریسٹو شاداب خان کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔اگلی ہی  گیند پر اوپنر بینٹین بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔

اس کے بعد تیسری وکٹ کی شراکت میں ڈی جے میلن اور اور کپتان ایون مورگن نے 102 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی  جہاں کپتان ایون مورگن 66 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ ڈی جے میلن 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔

کپتان ایون مورگن کو  33 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین  پہلا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔