Sunday, May 19, 2024

دوسرا ون ڈے میچ، پاکستان کا سری لنکا کو 220 رنز کا ہدف

دوسرا ون ڈے میچ، پاکستان کا سری لنکا کو 220 رنز کا ہدف
October 16, 2017

ابو ظہبی ( 92 نیوز )پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 220 رنز کا ہدف دے دیا جب کہ پاکستان کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے ۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا اور قومی ٹیم کی وکٹیں ایک کے بعد ایک گرتی چلی گئیں ۔ امیدوں کے محور فخر زمان 13 گیندوں پر 11سکور بنا کرکیچ آؤٹ ہو گئے ۔پاکستان کی دوسری وکٹ 27 کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد 17 گیندوں پر 8 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہوئے ۔
محمد حفیظ بھی لرزتی ٹیم کو سنبھالا نہ دے سکے اورپاکستان کے مجموعی 40سکور پر 11 گیندیں کھیل کر 8 سکور بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک بھی 15 گیندوں پر 11 رنز بنا کر چلتے بنے ۔کپتان سرفراز احمد بھی قوم کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور 14 گیندوں پر 5سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔
بابر اعظم اور عماد وسیم نے چھٹی وکٹ کافی دیر تک روکے رکھی مگر پاکستان کے 101 کے مجموعی سکور عماد وسیم جیفری وینڈرسے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔بابر اعظم اور شاداب خان  نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں شاندار کھیل پیش کیا اور 109 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر یقینی شکست کو ٹال دیا ۔ بابر اعظم 133 گیندوں پر 101 سکور بنا کر کیچ آؤٹ ہو ئے ۔جبکہ حسن علی نے پہلی گیند پر چھکا لگا یا مگر اگلی ہی گیند پر وہ رن آؤٹ ہو گئے ۔
رومان رئیس بنا کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے جب کہ جنید خان نے میچ کی آخری گیند پر سنگل بنائی ۔ شاداب خان 52 سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔
گزشتہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 83 رنز سے شکست دی تھی ۔میزبان ٹیم کو پانچ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔