Wednesday, April 24, 2024

دوستی نبھانا اور دُشمنی کا قرض اُتارنا جانتے ہیں : آرمی چیف

دوستی نبھانا اور دُشمنی کا قرض اُتارنا جانتے ہیں : آرمی چیف
September 7, 2016
راولپنڈی (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ہم روایتی و غیرروایتی ہر انداز میں وطن عزیز کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے دشمن کی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ہم دوستی نبھانا بھی جانتے ہیں اوردشمنی کا قرض بھی اتارنا جانتے ہیں۔ قومی سلامتی کی خاطر کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے۔ دشمنوں کو سی پیک منصوبے میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہوں‘ افسروں شہداءکے اہل خانہ، قائد حزب اختلاف، وفاقی وزراءاور غیرملکی سفیروں نے شرکت کی۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ شہداءکی بدولت ہم آزاد اور باوقار ملک میں رہ رہے ہیں۔ ہم دشمن کی ہر سازش سے آگاہ ہیں۔ دشمن جان لے پاکستان پہلے مضبوط تھا اب ناقابل تسخیر ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔ آج پاکستان کا کوئی بھی علاقہ سبز ہلالی پرچم کے سائے سے محروم نہیں ہے۔ آرمی چیف نے واضح کیا کہ سی پیک کی بروقت تکمیل قومی فریضہ ہے۔ دشمنوں کو اس میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ سپہ سالار نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کشمیریوں کی ہرسطح پر مدد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اس سے پہلے آرمی چیف نے شہداءکی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔