Friday, April 26, 2024

دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم کو اندھیرے میں رکھا گیا، برطانوی کھلاڑی

دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم کو اندھیرے میں رکھا گیا، برطانوی کھلاڑی
September 24, 2021 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا جھوٹ بے نقاب کر دیا۔ برطانوی کھلاڑیوں کا پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے بڑا بیان آ گیا۔

انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا انگلش کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ ہونے والے دورہ پاکستان کے حوالے سے ہمیں اندھیرے میں رکھا۔ ہم سے پوچھا ہی نہیں گیا کہ ہم پاکستان کا دورہ کریں یا نہ کریں۔

ترجمان نے مزید کہا انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی میں ہمارا  کوئی کردار نہیں۔ انگلش بورڈ نے کسی بھی مرحلے میں ہمیں یہ آگاہ نہیں کیا کہ  پلیئرز پاکستان  جانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ کسی بھی مینز اور ویمن کرکٹر نے دورے کے حوالے سے خدشات کا اظہار نہیں کیا۔

انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن نے کہا انگلش کرکٹ بورڈ نے  گزشتہ اتوار کو ہونے والے اجلاس میں یکطرفہ طور پر پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا جس سے پلیئرز کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ کی   مینز اور ویمن کرکٹ  ٹیم نے اکتوبر میں پاکستان  کا دورہ کرنا تھا جو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی کی وجہ سے منسوخ کر دیا تھا۔