Monday, September 16, 2024

دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان، ٹیم میں 4نئے کھلاڑی بھی شامل

دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان، ٹیم میں 4نئے کھلاڑی بھی شامل
April 5, 2017
لاہور(92نیوز)دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان  جبکہ چارنئے کھلاڑی بھی شامل کر لئے گئے، دوسری جانب چیئرمین  پی سی بی شہر یار خان نے واضح کر دیا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کپتان مصباح الحق کی آخری سیریز ہو گی۔ تفصیلات کےمطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم میں اوپنر احمد شہزاد، شان مسعود کی واپس ہوئی ہے جبکہ محمد حفیظ، راحت علی،سہیل خان  اور محمد رضوان کو ڈراپ کر دیا گیا، سلیکشن کمیٹی نے کپتان مصباح الحق اور چیئرمین پی سی بی شہر یار خان سے بھی کھلاڑیوں کے انتخاب بارے مشاورت کی۔ سیریز میں نئے کھلاڑی شاداب خان، عثمان صلاح الدین،محمداصغراور ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلرمحمد عباس  کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا گیا ہےدیگر کھلاڑیوں میں کپتان مصباح الحق، اظہر علی، بابر اعظم، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، یاسر شاہ، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی شہر یارخان  نے کہا کہ بنگلہ دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام سے مذاکرات ہوئے تاہم ابھی بنگلہ دیش ٹیم پاکستان بھیجنے کو تیار نہیں ہے وہ سکیورٹی تحفظات کا اظہار کرتے ہیں تاہم معاملہ سکیورٹی کا نہیں بلکہ سیاسی ہے۔ شہر یار خان نے کپتان مصباح الحق کے کیریئر کے اختتام بارے بھی اعلان کر دیا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد مصباح الحق ریٹائر ہو جائیں گے۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ سات اپریل کو ختم ہو جائے گا اور اگلے روز وہ ویسٹ انڈیز کے لئے روانہ ہو جائے گی۔