Saturday, September 7, 2024

دورہ بھارت : سرتاج عزیز حریت رہنماوں سے ملاقات کرینگے، پاکستانی ہائی کمیشن نے میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو دعوت دیدی

دورہ بھارت : سرتاج عزیز حریت رہنماوں سے ملاقات کرینگے، پاکستانی ہائی کمیشن نے میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو دعوت دیدی
August 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان کنڑول لائن پر بڑھتی کشیدگی کے دوران سرتاج عزیز کے دورہ بھارت کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے۔ دوسری طرف بھارت میں پاکستان ہائی کمیشن نے حریت رہنماوں کو بھی دعوت دے دی ہے۔ سرتاج عزیز کی حریت رہنماو¿ں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی بار بار لائن آف کنڑول کی خلاف ورزی اور دونوں ممالک کے درمیان بارڈرز پر بڑھتی کشیدگی کا اقوام متحدہ نے بھی نوٹس لے لیا ہے اور اقوام متحدہ نے مذاکرات سے مسائل حل کرنے کو ترجیح دی ہے۔ دوسری طرف امریکا نے بھی کہا ہے کہ بڑھتی کشیدگی دونوں ممالک کے حق میں نہیں ہے۔ اب سرتاج عزیز کا دورہ بھارت سب کی نگاہوں میں ہے کہ یہ بھڑکتی آگ پر پانی ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ حریت رہنماوں کے گلے شکوے دور کرنے کیلئے پاکستان ہائی کمیشن نے میرواعظ فاروق اور سید علی گیلانی کو 23 اگست کو دعوت دے دی ہے۔ سرتاج عزیز کی حریت رہنماوں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ پاکستان کا ہمیشہ سے بھارت سے یہی موقف رہا ہے پہلے کشمیر کا مسئلہ حل کیا جائے پھر کسی اور موضوع پر بات ہوگی۔ اس کا ثبوت حریت رہنماوں کو سرتاج عزیز کے دورے کے دوران بھارت دعوت دینا ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ بھارت روایتی چال چلتے ہوئے حریت رہنماوں کے راہ میں رکاوٹ بنے گا یا پھر سرتاج عزیز کا دورہ بھارت کامیاب ہوگا۔ بھارتی میڈیا نے تو ابھی سے پراپیگنڈہ شروع کردیا ہے کہ پاکستان بھارت کی لگائی گئی ریڈ لائن کو کراس کررہا ہے۔