Friday, March 29, 2024

دورہ انگلینڈ کے لیے اکیس کھلاڑی منتخب‘ قومی ٹیم 15 جون کو روانہ ہو گی

دورہ انگلینڈ کے لیے اکیس کھلاڑی منتخب‘ قومی ٹیم 15 جون کو روانہ ہو گی
May 25, 2016
لاہور (92نیوز) پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے لیے اکیس کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا۔ سکل کیمپ میں تیس اور اکتیس مئی کو کھلاڑی رپورٹ کریں گے جبکہ کیمپ پانچ جون تک قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق اور رکن سلیکشن کمیٹی وسیم حیدر نے ایبٹ آباد میں کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ کی روشنی میں اکیس کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا۔ ذرائع پی سی بی کے مطابق مکی آرتھر کے چار جون تک کیمپ جوائن کرنے کا امکان ہے اور دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان بھی مکی آرتھر کی موجودگی میں کیا جائے گا۔ چیئرمین سے منظوری کے بعد سکل کیمپ کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اوپنرز کے لیے محمد حفیظ، اظہرعلی، شان مسعود اور خرم منظورکے نام شامل کیے گئے ہیں جبکہ مصباح الحق، یونس خان ،اسد شفیق، سرفراز احمد، بابر اعظم،افتخار احمد مڈل آرڈر میں ذمہ داری سنبھالیں گے۔ فاسٹ باولرزمیں محمدعامر ،احسان عادل ، راحت علی، وہاب ریاض، سہیل خان ، جنید خان شامل ہیں جبکہ سپنرز میں ذوالفقار بابر، یاسر شاہ اور عماد وسیم شامل کیے گئے ہیں۔ عماد وسیم کا تین جون کو فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق محمد اصغر اور حسن علی بطور سرپرائز پیکیج دورہ انگلینڈ کے پلان کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ سکل کیمپ رمضان کے آغاز سے قبل ختم کر دیا جائے گا جبکہ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم چودہ یا پندرہ جون کو روانہ ہوگی۔