Thursday, March 28, 2024

دورہ انگلینڈ : سکل کیمپ کیلئے 21 کھلاڑی منتخب‘ محمد عامر‘ یاسر شاہ کے نام شامل

دورہ انگلینڈ : سکل کیمپ کیلئے 21 کھلاڑی منتخب‘ محمد عامر‘ یاسر شاہ کے نام شامل
May 25, 2016
لاہور (92نیوز) نائنٹی ٹو نیوز نے مصدقہ خبریں دینے کی روایت برقرار رکھی۔ پی سی بی حکام نے ایک اور خبر کی تصدیق کر دی۔ دورہ انگلینڈ کے لیے اسکل کیمپ کے کھلاڑیوں کی خبر نائنٹی ٹو نیوز نے کل دی آج تصدیق ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے نائنٹی ٹو نیوز کی نشرکردہ خبرکے عین مطابق دورہ انگلینڈ کےلئے اسکل کیمپ کے اکیس کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔ محمدحفیظ، شان مسعود، خرم منظورکے ساتھ سمیع اسلم کو بطور اوپنر طلب کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو کارکردگی کی بنیاد پر اے ٹیم میں سے کھلاڑی سینئر ٹیم کےلئے بھی چنے جا سکتے ہیں۔ مڈل آرڈر میں تجربہ کار مصباح، یونس اور اظہرکےساتھ اسدشفیق، افتخار احمد شامل ہیں جبکہ آصف، ذاکر اور اکبررحمان کو بطور سرپرائز پیکج شامل کیا گیا ہے۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈکےلئے ٹیسٹ ٹیم کا حتمی اعلان مکی آرتھر کےساتھ مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔ فاسٹ باولرز میں محمد عامر اور راحت علی کے علاوہ سہیل خان، جنیدخان، عمران خان اور احسان عادل شامل ہیں۔ سپنرز میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر اسکل کیمپ کا حصہ ہونگے۔ کیمپ تیس مئی سے پانچ جون تک قذافی سٹیڈیم میں جاری رہے گا۔