Saturday, April 20, 2024

دورہ امریکہ میں سعودی ولی عہد کا شاہانہ انداز میڈیا کی توجہ بنا رہا

دورہ امریکہ میں سعودی ولی عہد کا شاہانہ انداز میڈیا کی توجہ بنا رہا
April 23, 2018
نیو یارک ( 92 نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شاہانہ انداز دورہ امریکا میں بھی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جن کا شمار دنیا کی بااثر ترین شخصیات میں ہوتا ہے، اپنے اقدمات اور اثر و رسوخ کے باعث انھیں ابھی سے سعودی عرب کا اصل حکمران سمجھا جاتا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے بطور ولی عہد امریکا کا پہلا دورہ کیا تو وہ میڈیا کی زینت بنے رہے ، جس کے دوران انھوں نے اہم سیاسی اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں ۔ امریکی میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے سرکاری دورے میں بھی شاہانہ ٹھاٹ باٹھ برقرار رکھا ، جس کی مثال ریاست کیلی فورنیا میں دیکھی گئی ۔ بیورلی ہلز میں سعودی ولی عہد نے دو مختلف لگژری ہوٹلوں میں قیام کیا،جس کیلئے انھوں نے 285 کمروں پر مشتمل فور سیزنز ہوٹل مکمل بک کرایا تھا، جہاں ایک کمرے کا یومیہ کرایہ چھ سو ڈالر  ہے۔ شہزادے نےایل ایرمیٹیج میں بھی 40 کمرے بک کرائے، جن کا فی کمرہ کرایہ 559 ڈالر ہے ، یوں شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنے اس دورے پر ایک لاکھ نوے ہزار ڈالر یومیہ خرچ کرنا پڑے۔ کیلی فورنیا میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کئی اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی ، جن میں امریکی میڈیا کے مغل کہلانے والے رفرٹ مرڈوک، ڈزنی کے چیف ایگزیکٹو رابرٹ ایگر اور اوپرا ونفری بھی شامل ہیں۔