Friday, May 3, 2024

دودھ کا جلا چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے !!! خیبرپختونخوا حکومت کی دوبارہ پولنگ کے دن فوج تعینات کرنے کی درخواست

دودھ کا جلا چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے !!! خیبرپختونخوا حکومت کی دوبارہ پولنگ کے دن فوج تعینات کرنے کی درخواست
July 1, 2015
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا داغ دھونے کےلئے 365 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے دن ایک بار پھر فوج تعینات کرنے کی درخواست کر دی۔ اسلام آباد اور پنجاب سے لیڈیز پولیس بھی طلب کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق دودھ کا جلا چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پانچ جولائی خیبرپختونخوا میں تین سو پینسٹھ پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے انتظامات کےلئے خیبرپختونخوا حکومت نے کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی زیرصدارت اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فوج کے بغیر دوبارہ پولنگ کا رسک نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پولنگ سٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کی درخواست کردی ہے۔ خواتین پولنگ سٹیشنوں پر صورتحال قابو میں رکھنے کےلئے اسلام آباد اور پنجاب لیڈیز پولیس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ خواتین پولنگ سٹیشنوں پر تعیناتی کےلئے 2ہزار ہیلتھ ورکروں کی تعیناتی ہوگی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی کہ 365پولنگ سٹیشنوں کو چھوٹے پولنگ سٹیشنوں میں تقسیم کرکے ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر پولنگ سٹیشن کے قریب 50گز کے احاطے میں سکیورٹی زون قائم کیا جائے گا۔ ہرپولنگ سٹیشن پرکم سے کم ایک سو پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ صوبہ بھر میں 4 اور 5جولائی کو پرنٹنگ پریس بند رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔