Monday, May 20, 2024

دودھ سے لیکر دہی، پنیر، کریم، بریڈ، مکھن پر بھی نئے ٹیکس عائد

دودھ سے لیکر دہی، پنیر، کریم، بریڈ، مکھن پر بھی نئے ٹیکس عائد
December 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کھانے پینے کی سستی اشیاء اب ہوجائیں گی خواب، حکومت نے بچوں کے دودھ سے لیکر دہی، پنیر، کریم، بریڈ، مکھن پر بھی نئے ٹیکس لگا دئیے۔ حتیٰ کہ آگ لگانے کیلئے استعمال ہونے والی ماچس بھی اب مہنگے داموں ملے گی۔

حکومت نے مہنگائی پر مہنگائی کردی، چھوٹابجٹ دے کر عوام کیلئے بڑی مشکلات پیدا کردیں۔ کھانے پینے کی اشیاء سے لے کر پہناوؤں تک ہر چیز پر 17 فیصد ٹیکس کا امکان ہے۔

بچوں کیلئے دودھ کی تیاری میں استعمال ہونے والے درآمدی خام مال پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگایا جائے گا۔ مختلف برانڈ کے نام سے فروخت ہونے والے فلیورڈ دودھ، پر ٹیکس کی شرح دس فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کی جارہی ہے۔

دہی، پنیر، مکھن، دیسی گھی اور کریم پر بھی ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا جائے گا۔

بریڈ تیار کرنے والی بیکریوں، ریسٹورنٹس، اور دکانوں پر 17 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا۔ درآمد شدہ سبزیوں پر 7 ارب روپے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ جس سے بعض سبزیاں مہنگی ہوجائیں گی۔

ریٹیل پیکیجنگ میں فروخت نہ ہونے والی سرخ مرچوں پر ٹیکس لگے گا۔ ماچس پر بھی17  فیصد کے حساب سے ٹیکس لگے گا۔

ہوٹلنگ کرنے والوں کیلئے بھی منی بجٹ میں اچھی خبرنہیں ہے، میس میں تیار اور ہوٹلوں میں دیا جانے والا کھانا۔ ٹیک اوے اور مٹھائیاں تیار کرنے والے ہوٹلز، کیٹررز، دکانوں، ریسٹورنٹس پرٹیکس 7.5 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا جائے گا جس سے ہوٹلنگ مہنگی ہوجائے گی۔