Wednesday, April 24, 2024

دودھ جلیبی !!! یخ بستہ شاموں میں توانائی کا سستا ذریعہ

دودھ جلیبی !!! یخ بستہ شاموں میں توانائی کا سستا ذریعہ
December 9, 2015
فیصل آباد (92نیوز) موسم سرما آتے ہی جہاں شہری سردیوں کی مختلف سوغاتیں یخنی، سوپ اور مچھلی جیسے گرم پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں وہیں گرما گرم دودھ جلیبی کے شوقین بھی اس کے ذائقے اورخوشبو سے کھنچے چلے آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق موسم سرما کی یخ بستہ شاموں میں جہاں ایک طرف خستہ‘ باریک اور شیرے میں بھیگی جلیبیاں تسلسل سے بن رہی ہوتی ہیں تو دوسری طرف بڑے بڑے کڑاہوں میں دودھ گرم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ شام ہوتے ہی دودھ جلیبی کی دکانوں پر رونقیں بڑھ جاتی ہیں اور یہ خوش خوراک لوگوں کی خوراک کا حصہ ہوتی ہیں۔ خشک میوہ جات اور مچھلی کی خریداری متوسط طبقے کے لئے خواب ہے ایسے میں دودھ جلیبیاں ہی واحد غذا ہیں جو سردیوں میں ٹھنڈ سے راحت اور توانائی کی بحالی کا باعث بنتی ہیں۔ دکاندار تو گاہکوں کا استقبال دودھ سے بھرے پیالوں سے کرتے ہیں۔ رات گئے تک ان دکانوں پر خستہ اور ذائقے سے بھرپور دودھ جلیبیاں خریدنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ گرما گرم دودھ جلیبی نہ صرف سردیوں کا ایک خاص تحفہ ہے بلکہ جسم کو راحت پہنچانے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔