Friday, May 10, 2024

دو ہزار بیس میں بھی کراچی میں جرائم کی وارداتیں تھم نہ سکیں

دو ہزار بیس میں بھی کراچی میں جرائم کی وارداتیں تھم نہ سکیں
February 9, 2020

 کراچی (92 نیوز) دو ہزار بیس میں بھی کراچی میں جرائم کی وارداتیں تھم نہ سکیں۔ جنوری میں 30 افراد قتل ہوئے ۔ دو ہزار 789 موٹرسائیکلیں اور 191 گاڑیاں چوری اور چھینی گئیں۔

کراچی میں کرائم بے قابو ہو گیا۔ رواں سال کا پہلا مہینہ شہریوں پر بھاری گزرا ۔ سی پی ایل سی نے کرائم کا ڈیٹا جاری کر دیا ۔ اسٹریٹ کرائم کا جن کنٹرول سے باہر ہے۔ سال کے پہلے مہینے میں 30 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ بھتے کی 2 وارداتیں ہوئیں ۔

جنوری میں لٹیروں نے موٹرسائیکلوں پر خوب ہاتھ صاف کیا اور شہریوں کو یومیہ 90 سے زائ موٹرسائیکلوں سے محروم کر دیا گیا اور ایک ماہ کے دوران 2 ہزار 789 موٹرسائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں جبکہ قانون کے رکھوالے صرف 285 موٹرسائیکلیں ہی برآمد کروا سکے۔

شہر قائد میں لٹیروں نے 191 گاڑیاں چھینی اور چوری بھی کیں جبکہ موبائل فون کی چھینا جھپٹی میں بھی کمی نہ آسکی اور 1912 شہریوں کو لٹیروں نے موبائل فونز سے محروم کر دیا ۔