Tuesday, May 7, 2024

دو ہزار اٹھارہ میں بھی بے گناہ فلسطینیوں کا لہو بہتا رہا، ہزاروں کو پابند سلاسل کیا گیا

دو ہزار اٹھارہ میں بھی بے گناہ فلسطینیوں کا لہو بہتا رہا، ہزاروں کو پابند سلاسل کیا گیا
December 30, 2018
مشرقی یروشلم (92 نیوز) دوہزار اٹھارہ جاتے جاتے بھی مظلوم فلسطینیوں کے دامن دکھوں سے بھر گیا ۔ قابض اسرائیلی فوجیوں نے پانچ ہزار سے زائد نہتے اور بے گناہ مظلوم فلسطینیوں کو پابند سلاسل کر دیا۔ اسرائیلی مظالم پر نظر رکھنے والے ادارے مڈل ایسٹ مانیٹر کی جاری کردہ  رپورٹ برائے سال دو ہزار اٹھارہ نے طاقت کے نشے میں چور  ظالم صیہونیوں کے خوفناک چہرے کو بے نقاب کر دیا۔ مڈل ایسٹ مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق سال دو ہزار اٹھارہ کے دوران اسرائیل نے پانچ ہزار سات سو فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار ہونیوالوں میں 980 بچے شامل ہیں جن میں سے کئی کی عمریں دس سال سے بھی کم ہیں ، 175 خواتین اور کم عمر لڑکیاں  بھی اسرائیلی قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کررہی ہیں۔ گرفتار افراد میں صحافی، استاد، پروفیسرز سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد شامل ہیں۔ نہتے فلسطینیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والی اسرائیلی فوج نے ڈیڑھ سو سے زائد معذور افراد کو بھی گرفتار کیا ۔ بیت المقدس ،غزہ کی پٹی ،مغربی کنارہ  اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں پانچ سو سے زائد مکانات مسمار کرکے ہزاروں فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔