Friday, May 17, 2024

دو گھنٹے کی بارش نے لاہور کو کراچی بنا دیا

دو گھنٹے کی بارش نے لاہور کو کراچی بنا دیا
August 2, 2020
لاہور (92 نیوز) دو گھنٹے کی بارش نے لاہور کو کراچی بنا دیا، صوبائی دارلحکومت لاہور میں بادل کھل کر برسے تو  مون سون بارشوں سے قبل کیے گئے حکومتی اقدامات کی حقیقت بھی کھل کر سامنےآ گئی۔ صرف دو گھنٹے کی بارش نے شہر بھر میں پانی ہی پانی کر دیا۔ نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ فاروق گنج انڈر پاس بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، انڈر پاس میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی ، مسافراور اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنارہا۔ گلی، محلوں اور شاہراہوں پر تالاب کے مناظر، کھڑے پانی میں بچے نہاتے رہے، اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ کئی گھنٹے سے پانی اسی طرح جمع ہے لیکن متعلقہ محکمے کا کوئی بندہ نظر نہیں آرہا۔ تاج پورہ میں 71 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک، گلشن راوی سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی بارش جم کر برسی، بروقت نکاسی آب نہ ہونے سے اہل علاقہ شدید پریشانی کا شکار ہیں، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوگئی۔