Wednesday, April 24, 2024

دو دہائیوں تک فلم بینوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے کامیڈین ننھا کی تیس ویں برسی

دو دہائیوں تک فلم بینوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے کامیڈین ننھا کی تیس ویں برسی
June 2, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) دو دہائیوں تک فلم بینوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے کامیڈین ننھا نے فلموں میں بے شمار یادگار کردار ادا کیے جو ابھی تک ان کے پرستاروں کو یاد ہیں۔ تیس برس قبل پاکستانی فلموں کے مایہ ناز مزاحیہ فنکار رفیع خاور المعروف ننھا کی موت کی منحوس خبر ملی تو کسی کو یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ خودکشی کی ایک واردات ہے۔ شائقین فلم میں ہنسی بانٹنے والا ننھا نے اپنے دل پر نجانے کیسے کیسے گھاؤ کھائے تھے کہ اسے ایک المناک انجام سے دو چار ہونا پڑا اور وہ اچانک موت کے گھپ اندھیرے میں گم ہو گیا۔ ننھا نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1966ء میں فلم وطن کا سپاہی سے کیا لیکن ابتدائی دور میں چھوٹے موٹے کرداروں کے بعد عروج ملا فلم نوکر سے۔ 1979ء میں پہلی بار ہیرو اور ٹائٹل رول فلم ٹہکا پہلوان میں کیا اور اسی سال سپرہٹ فلم دبئی چلو نے اسے صف اول کے فنکاروں میں شامل کر دیا۔ سالا صاحب، سوہرا تے جوائی، نوکر تے مالک میں مرکزی کرداروں نے ننھا کو ایکشن فلموں کے دور میں ہلکی پھلکی مزاحیہ فلموں کی صورت میں فلم بنیوں کی اپنا گرویدہ بنایا۔ فلم بین گھسی پٹی کہانیوں اور ذومعنی جملوں سے بیزار ہوئے تو ننھا کو زوال کا سامنا کرنا پڑا جس پر وہ خاصے دل برداشتہ تھے اور اوپر سے ساتھ فنکارہ نازلی کے ساتھ ناکام عشق کا بھوت بھی سوار تھا۔ ننھا بلاشبہ پاکستان کی فلمی صنعت کا ایک بہت بڑا اور ورسٹائل فنکار جس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ایک ایسا مقام پیدا کیا جو فلم بینوں کو ہمیشہ یاد رہے گا۔