Tuesday, April 16, 2024

دو دن بعد آزادی مارچ نیا رخ اختیار کر لے گا، جلد سرپرائز دیں گے، اکرم درانی

دو دن بعد آزادی مارچ نیا رخ اختیار کر لے گا، جلد سرپرائز دیں گے، اکرم درانی
November 7, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی کا کہنا ہے کہ دو دن بعد آزادی مارچ نیا رخ اختیار کر لے گا، جلد سرپرائز دیں گے۔

آزادی مارچ جاری رہے گا یا ختم ہو جائے گا؟مولانا جارہے ہیں یہیں پر بیٹھیں گے، آج کل ہر کسی کی زبان پر صرف یہی سوال ہے۔ چودھری پرویز الہٰی مولانا کو رام کرنے کیلئے متحرک ہیں اور آج پھر ملاقات کی، پرامید بھی دکھائی دیئے۔

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے کہا ہے کہ دو دن بعد آزادی مارچ نیا رخ اختیار کرلے گا۔ حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا،مناسب وقت پر فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔ مارچ جاری رکھنے پر اتفاق ہے، موسم سے بچنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

حکومتی مذاکرتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا لگتا ہے مولانا ابھی واپس نہیں جا رہے، پرویز الہٰی صرف بات کر رہے ہیں ، فیصلہ انہوں نے نہیں کمیٹی نے کرنا ہے۔ شہباز شریف اور دیگر افراد سے بھی رابطہ ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا کی سیاست انتشار اور دھرنے کی سیاست ہے۔ جو لڑائی جھگڑے کا ماحول لے کر آئے تھے وہ بدل چکا ہے۔ دھرنا امن کیلئے خطرہ تھا، ہم یہ معرکہ جیت چکے ہیں۔