Sunday, May 12, 2024

دو اڑھائی سال استعفیٰ استعفیٰ کھیل لیا، اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، فواد چودھری

دو اڑھائی سال استعفیٰ استعفیٰ کھیل لیا، اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، فواد چودھری
March 27, 2021

لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کہتے ہیں دو اڑھائی سال استعفیٰ استعفیٰ کھیل لیا، اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے، بگڑے بچوں کے ہاتھوں میں سیاست دے دی گئی ہے، مریم نواز کی بچگانہ سیاست پی ڈی ایم کو کہیں نہیں لے جا رہی۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کھلینے کے لیے چاند مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، اصلاحات کرلیتے تو سینیٹ الیکشن مذاق نہ بنتا، سیاسی جماعتوں کو عمران فوبیاسے باہر نکل کر اپنی سیاست پر بھی نظر ڈالنی چاہیے۔ پاکستان کو دو خاندانوں کی سیاست سے کوئی فائدہ نہیں۔

وفاقی وزیر بولے کہ سوموار سے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کریں گے، اپوزیشن اصلاحات چاہتی ہے تو پارلیمنٹ میں آئے اور تجاویز دے۔ عمران خان اور پارلیمان کو تسلیم کر کے آگے بڑھیں، الیکٹورل ریفارمز کمیٹی بنا رہے ہیں مل کر انتخابی اصلاحات کی طرف بڑھیں۔ نیب اور دیگر معاملات بعد میں دیکھیں گے، ابھی سنجیدہ نہیں ہونگے تو زیادہ نقصان آپ کو ہوگا، اپوزیشن کو اپنی سیاست پر نظر ثانی درکار ہے۔

انہوں نے کہا، ہم بلدیاتی انتخابات کرانے جا رہے تھے لیکن سپریم کورٹ نے پرانے اداروں کو بحال کر دیا۔ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی طے کرے گی کہ کس کو لیڈر بنانا ہے، ہم اس کے ساتھ بات کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، جاوید اقبال کے آنے کے بعد نیب پہلی بار فعال ہوا، مقدمے منتقی انجام تک پہنچائے جائیں۔ مریم نواز کو بھی عام ملزمان کی طرح ڈیل کریں، اگر بلایا تھا تو تفتیش بھی کی جاتی۔

فواد چودھری نے کہا، عمران خان سب سے زیادہ مہنگائی پر فوکس کر رہے ہیں۔ بجلی کی قیمت بڑھنے کی وجہ ضرورت سے زیادہ پلانٹ ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کی کرنی عمران خان بھگت رہے ہیں۔ پہلی بار کسان کو گنے کی قیمت زیادہ اور پوری ملی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ، جس پر کوئی الزام لگے گا وہ اپنے عہدے سے علیحدہ ہو گا،الزامات کلئیر کر کے واپس آئے گالاہور:وزیر اعظم کسی کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے۔

حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا، چین سو ارب کی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کھڑی کرنے جا رہا ہے، ہم بھی اس منصوبہ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہ رہے ہیں۔ ہم لوگوں کو سیمی کنڈکٹر کی ٹریننگ اور نوکریاں بھی دیں گے۔ بڑی سیمی کنڈکٹر کمپنیاں بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں گی۔ پہلے ہیلتھ سنٹر، پھر الیکٹرانک وہیکل کا سسٹم ٹھیک کیا، اب پاکستان میں الیکٹرانک وہیکل جلد متعارف کرا دی جائے گی۔