Thursday, May 9, 2024

دو ارکان قومی اسمبلی نے چند لوگوں کو اکسا کر خرقمر چیک پوسٹ پر دھاوا بولا ، اکرام الحق

دو ارکان قومی اسمبلی نے چند لوگوں کو اکسا کر خرقمر چیک پوسٹ پر دھاوا بولا ، اکرام الحق
May 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سیکرٹری دفاع اکرام الحق نے کہا دو ارکان قومی اسمبلی نے چند لوگوں کو اکسا کر خرقمر چیک پوسٹ پر دھاوا بولا۔ شمالی وزیرستان میں غیر ملکی ایما پر وطن کے محافظوں کومتنازعہ بنانے کی خوفناک سازش بے نقاب ہو گئی۔ سیکرٹری دفاع نے قائمہ کمیٹی دفاع کو بریفنگ دی کہ فورسز نے 2 مشتبہ افراد گرفتار کئے جس پر دھرنا دیا گیا، جرگے کے بعد ایک شخص کی رہائی پر اتفاق ہو گیا لیکن علی وزیر اور محسن داوڑ نے دھرنا ختم کرنے سے روک دیا اور چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا۔ سکیورٹی اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کی گئی جس پر اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی۔ سیکرٹری دفاع نے کہا ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ قبائلی علاقوں میں امن کیلئے فوج ہی نہیں قبائلیوں کی بھی قربانیاں ہیں۔ اس پر کمیٹی کے چیئرمین امجد علی خان نے کہا چیک پوسٹ پر حملہ افسوسناک ہے، ہم اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد کہا وفاقی کابینہ نے چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی مذمت کی۔ قبائلی عوام نے امن کیلئے قربانیاں دیں، شرپسندوں نے دوبارہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ قومی پرچم کی توہین اور سلامتی داؤ لگانے والوں سے رعایت نہیں ہو گی۔ سابق چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ امریکا، اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔ پی ٹی ایم کے مسئلے پر سینیٹ کمیٹی مذاکراتی عمل کو مزید تیز کرے۔