Friday, April 26, 2024

دنیاکی کم عمر ترین ایم ایس سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو بچھڑے 7سال گزر گئے

دنیاکی کم عمر ترین ایم ایس سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو بچھڑے 7سال گزر گئے
January 14, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل اعزاز یافتہ ارفع کریم کو بچھڑے سات سال گزر گئے ، صرف 9 سال کی عمر میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچانے والا یہ ستارہ فلک پر زیادہ دیر تو نہ چمک سکا  البتہ کئی ایوارڈ اور تمغے حاصل کرکے آج بھی ملک و قوم کا فخر ہے۔ ارفع کریم آئی ٹی کے اُفق پر ایسا ستارہ جس نے ٹوٹ کر بھی اپنی روشنی کو ماند نہ پڑنے دیا ، 2004ء میں صرف 9 برس کی عمر میں مائیکرسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا امتحان پاس کیا اور دس برس کی عمر میں دبئی کے فلائنگ کلب میں طیارہ اڑا کر دنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔ ارفع کریم ارفع کریم نے صدارتی اور سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور مادر ملت جناح کے طلائی تمغے بھی اپنے نام کئے، مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے انہیں  فیس آف پاکستان کا نام دیا۔ دوسری جانب  فیصل آباد میں ارفع کریم کے آبائی گاؤں ’’ارفع کریم آباد‘‘ کو ماڈل ویلیج بنانے کا حکومتی وعدہ وفا نہ ہوسکا، سوئی گیس، پینے کا صاف پانی بھی گاؤں سے کوسوں دور ہے۔ ستم ظریفی یہ کہ ارفع کے نام سے منسوب گاؤں کی کمپیوٹر لیب بھی ختم کر دی گئی تاہم نوجوان نسل قوم کی اس بیٹی پر فخر کرتی ہے۔ ارفع کریم باذوق شاعرہ اور نعت خواں ہونے کے ساتھ علمی شعبوں میں اپنا ثانی نہیں رکھتی تھیں،  ارفع کریم کی ذہانت کے یہ ثبوت نوجوانوں کے لیے پیغام ہیں کہ وہ بھی علمی قابلیت کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔