Sunday, September 8, 2024

دنیابھر میں بلیوں کاعالمی دن آج منایا جا رہا ہے !!! امریکہ کی بہادر بلی ”ہیرو ڈاگ ایوارڈ“ لے اڑی

دنیابھر میں بلیوں کاعالمی دن آج منایا جا رہا ہے !!! امریکہ کی بہادر بلی ”ہیرو ڈاگ ایوارڈ“ لے اڑی
August 8, 2015
لاہور (92نیوز) دنیا بھر میں آج بلیوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ بلی کو انسان کا بہترین دوست قرار دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی فنڈ فار اینیمل ویل فیئر نے دو ہزار دو میں پہلی مرتبہ بلیوں کا عالمی دن منایا۔ ایک تحقیق کے مطابق دنیا میں بلیوں کی تعداد پچاس کروڑ ہے جس کا مطلب ہے کہ ہر خاندان کے حصے میں ایک بلی ضرور آتی ہے۔ بلیوں کی خوبی ہے کہ یہ ہرموسم میں اور دنیا کے کسی بھی ملک میں زندہ رہ سکتی ہے جبکہ انگلش زبان میں بھی موسلا دھار بارش کےلئے کیٹس اینڈ ڈوگز کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ بلیوں کی بہت سی اقسام ہیں جن میں برمیز، بینگال، شارٹ ہیئر اور پرسیئن زیادہ مشہور ہیں۔ ایک زمانہ تھا جب سیاہ رنگ کی بلی کو نحوست کی علامت سمجھا جاتا تھا اورگھر سے نکلتے ہوئے وہ کسی کے سامنے سے گزرتی تو لوگ گھر سے نہیں نکلتے تھے لیکن آج سائنس نے یہ سوچ تبدیل کر دی ہے۔۔ آج بلی مقبول اور پسندیدہ ترین جانور ہونے کے ساتھ ساتھ تنہائی کی بہترین ساتھی بھی ہے۔ دریں اثنا امریکہ کی ایک پالتو بلی تارا کو 2015ءکا ہیرو ڈاگ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ بات زباں زد عام ہے کہ بلیاں کتے سے ڈرتی ہیں مگر اس گمان کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر بیکرزفیلڈ سے تعلق رکھنے والی پالتو بلی تارا نے یوں غلط ثابت کر ڈالا کہ مالک کی وفاداری میں کتے پر دھاوا بول دیا۔ 6 سالہ بچے پر جب ایک کتے نے حملہ کرکے اسے بھنبھوڑنا شروع کیا اور بچے کے پاس چلانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔ تب تارا نے نہ صرف کتے پر حملہ کردیا بلکہ اس کو دور تک بھگا کر واپس آئی۔ اس بہادری کے عوض لاس اینجلس میں ہونے والی سالانہ تقریب میں رواں سال کا ”ہیرو ڈاگ ایوارڈ“ پہلی بار کسی بلی کے نام کردیا گیا۔