Sunday, May 12, 2024

سال نو کی آمد، کرہ ارض روشنیوں سے جگمگا اُٹھا

سال نو کی آمد، کرہ ارض روشنیوں سے جگمگا اُٹھا
January 1, 2017

ویلنگٹن (ویب ڈیسک)دنیا کے کئی ممالک میں نئے سال کا آغاز ہو گیا،نیوزی لینڈ، ہانک کانگ،آسٹریلیا اور جاپان سمیت کئی ملکوں میں پرجوش انداز سے دو ہزار سترہ کو خوش آمدید کہا گیا۔آسمان رنگ و نور اور شاندار آتش بازی کی چکاچوند سے جگمگا اٹھا۔

تفصیلات کےمطابق الوداع دو ہزارسولہ،خوش آمدید دو ہزار سترہ ،  دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں گھڑی نے نئے سال میں انٹری دی رات کے بارہ بجتے ہی نیوزی لینڈ کا آسمان رنگوں سے جگمگا اٹھا۔سکائی ٹاور پرزبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آسٹریلیا میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے لوگوں کا سب سے بڑا اجتماع سڈنی میں تھا۔ سڈنی ہاربر برج پر کئی منٹوں تک جاری رہنے والی آتش بازی سے لاکھوں افراد نے خوب لطف اٹھایا۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی نئے سال کی آمد کی بھر پور خوشی منائی گئی۔ٹوکیو شی بویا کراسنگ پر ایسی آتش بازی کی گئی کہ رات بھی دن کا سماں پیش کرنے لگی۔ شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں بھی روشنیوں اور آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

ہانگ کانگ میں تاریخی وکٹوریہ ہاربر پر شاندار آتش بازی  کر کے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔  افغانستان،دبئی،متحدہ عرب امارات،ایران،روس،یونان،جرمنی،سپین،انگلینڈ اور امریکہ میں نئے سال کا سورج طلوع ہونے میں کچھ ہی دیر باقی ہے۔جہاں نئے سال کو پرجوش طریقے سے خوش آمدید کہنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور لوگ بارہ بجنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔