Monday, May 13, 2024

دنیا کے 26 ممالک میں مزید 150 کرونا وائرس کے متاثرین  کی تصدیق

دنیا کے 26 ممالک میں مزید 150 کرونا وائرس کے متاثرین  کی تصدیق
February 3, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) چین کا کرونا وائرس دنیا میں پنجے مضبوط کرنے لگا، امریکا اور ویت نام میں مزید متاثرہ افراد رپورٹ ہوگئے، دنیا  کے 26 ممالک میں مزید 150 کیسز کی تصدیق ہوگئی ۔ امریکا، نیوزی لینڈ اور مالدیپ نے چین سے آنے والے افراد پر پابندی عائد کردی گئی ۔ ہیوبی سے نکالے گئے 36 یورپی شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ کرونا وائرس کے عالمی وار جاری ہیں ، نئے کیسز سامنے آنا رک نہ سکے، موذی وبا اب تک دنیا  کے 26 ممالک میں پنجے گاڑ چکی ہے۔ امریکا میں مزید دو افراد میں موذی وبا کی تشخیص ہوگئی ۔  57 سالہ جوڑا ریاست کیلی فورنیا کی سین بینیٹو کاؤنٹی کا رہائشی ہے ، ویت نام میں مزید تین کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ امریکا نے چین کا سفر کرنے والے غیرملکیوں پر پابندی عائد کردی ، صوبہ ہیوبی سے آنے والے امریکی شہریوں کو چودہ روز تک علیحدہ رکھا جائے گا ، جن کی رہائش پنٹاگون کے زیرانتظام ہوگی۔ نیوزی لینڈ نے بھی چین سے آنے والے غیرملکیوں پر پابندی عائد کردی جبکہ مالدیپ نے چین سے آنے والے تمام افراد کا ملک میں داخلہ بند کردیا ہے۔ چین میں موجود اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے مختلف ممالک کے فضائی آپریشن جاری ہیں ، ووہان سے 254 یورپی شہریوں کو نکالا گیا، جن میں سے چھتیس میں کرونا کی تصدیق ہوچکی ہے ، ان افراد میں سے 20 کا تعلق صرف فرانس سے ہے۔