Friday, April 26, 2024

دنیا کے 176 ممالک قاتل کورونا وائرس کی زد میں آگئے ‏

دنیا کے 176 ممالک قاتل کورونا وائرس کی زد میں آگئے ‏
March 19, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) دنیا کے 176 ممالک قاتل کورونا وائرس کی زد میں آگئے  ،  جاپان میں چار، ارجنٹائن اور کیوراساؤ میں ایک، ایک مریض دم توڑ گیا ۔  اٹلی، سپین اور ایران کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی، عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہزار نو سو انہتر ہوگئی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں نئے کیسز رپورٹ ہوگئے، ایل سلواڈور اور فجی کورونا متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ۔ دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ انیس ہزار تین سو سے بڑھ گئی۔

کورونا اب تک دنیا کے 170 سے زائد ممالک پر پنجے گاڑ چکا ہے ، ہر گزرتا لمحہ نئی ہلاکت ، نیا مریض سامنے لارہا ، متاثرین کی تعداد دو لاکھ انیس ہزار سے بڑھ چکی ہے ، ہلاکتیں بھی نو ہزار کے قریب پہنچ گئیں۔

قاتل وائرس کا اس وقت بڑا ٹارگٹ یورپ بن رہا ، اٹلی میں ہلاکتیں دو ہزار 987 ، سپین میں 638 ہلاکتیں رپورٹ ہوگئیں ، فرانس میں 264 اور برطانیہ میں 104 مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

ایران کی صورتحال بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتی جارہی ہے  ، گذشتہ روز 147 مریض زندگی کی بازی ہارگئے ، ملک میں متاثرین کی تعداد سترہ ہزار تین سو اکسٹھ ہوچکی ہے۔

مشرق بعید کا ذکر کرتے ہیں جہاں   ملائیشیا میں آٹھ سو کے قریب مریض رپورٹ ہوچکے ہیں ، انڈونیشیا میں 19 افراد ہلاک اور 220 سے زائد متاثر ہوئے ہیں ، فلپائن اور تھائی لینڈ میں بھی دو سو سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں۔

ادھر آسٹریلیا میں چالیس نئے کیسز رپورٹ ہوگئے ، اب تک چھ سو تیس سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے ، جبکہ نیوزی لینڈ میں آٹھ نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی تعداد تیس کے قریب پہنچ گئی۔

ترکی میں خونی وائرس ایک اور زندگی نگل گیا ، کیریبئین جزیرہ نما ملک کیوراساؤ میں بھی پہلی ہلاکت رپورٹ ہوگئی جبکہ ایل سلواڈور اور فجی کورونا متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔