Saturday, April 27, 2024

دنیا کی دو بڑی کمپنیاں سولر پینل بنانے کے پلانٹس پاکستان میں لگارہی ہیں ،فواد چودھری

دنیا کی دو بڑی کمپنیاں سولر پینل بنانے کے پلانٹس پاکستان میں لگارہی ہیں ،فواد چودھری
October 28, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی  فواد چودھری نے  اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ سیاسی تماشبینی میں اچھی خبریں کھو جاتی ہیں ، پھر بھی مجھے بہت خوشی ہے کہ دنیا کی دو بڑی کمپنیاں سولر پینل بنانے کے پلانٹس پاکستان میں لگا رہی ہیں ۔ وفاقی وزیر  سائنس و ٹیکنالوجی  نے  کہا کہ چین کی بیٹری بنانیوالی دوسری بڑی کمپنی پاکستان میں لیتھیم  بیٹری بنانے کا کارخانہ لگائے گی ، بیٹری پر بسیں بھی پاکستان میں بنیں گی ۔ ماہ اگست کے اوائل میں فواد چودھری   ملک میں الیکٹرک رکشے اور موٹر سائیکل لانے کا اعلان کر چکے ہیں ،   فواد چودھری نے پاکستان کونسل برائے قابل تجدید انرجی کے دورے میں  بجلی سے چلنے والے موٹر سائیکل اور رکشہ کا جائزہ لیا  تھا۔ وفاقی وزیر نے بجلی سے چلنے والے موٹرسائیکل اور رکشہ کی سواری بھی کی تھی  ،  فواد چودھری کا کہنا تھا الیکٹرانک ٹیکنالوجی میں تبدیلی سے ماحول میں کاربن میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان موٹرسائیکل اور رکشے بنانیوالا بڑا ملک ہے اور یہ مصنوعات ہمارا مستقبل ہے۔