Friday, April 19, 2024

دنیا کو بتایا کہ کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ، شاہ محمود قریشی

دنیا کو بتایا کہ کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ، شاہ محمود قریشی
August 11, 2019
کوہالہ ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کوہالہ پہنچے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےو زیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کو بتادیا کہ کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ہیں ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  ہندوستان دو شقوں کو منسوخ کر کے اس تاریخ کو نہیں بدل سکتا ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہئے ۔ آج نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ان کے بنیادی انسانی حقوق کو سلب کیا جا رہا ہے ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ   بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ غیر آئینی اقدامات کو سکیورٹی کونسل ، اقوام متحدہ میں لے کر جا رہے ہیں ،اس سلسلے میں دنیا بھر سے روابط کر رہے ہیں اور انہیں حقائق سے آگاہ کر رہے ہیں ،انٹرنیشنل میڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دکھا رہا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ  کل یہاں آزاد کشمیر سے ایک بھرپور پیغام دنیا بھر میں جائے گا کہ ہم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ،ہم کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر جائیں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ گزشتہ 72 سال میں پہلا وزیر خارجہ ہے جو کشمیریوں کیساتھ عید گزارنے کیلئے  یہاں آیا ہے ۔