Friday, March 29, 2024

دنیا پاک فوج کے کردار کو سراہتی ہے !!! جان کیری نے بھی افواج پاکستان کی تعریف کی: دفترخارجہ

دنیا پاک فوج کے کردار کو سراہتی ہے !!! جان کیری نے بھی افواج پاکستان کی تعریف کی: دفترخارجہ
June 18, 2015
اسلام آباد (92نیوز) دفترخارجہ نے آپریشن ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور فوج کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی کہتے ہیں کہ دنیا میں امن کیلئے مسلح افواج کے کردار کوعالمی برادری تسلیم کرتی ہے، پاک بھارت تعلقات مین بہتری کیلئے کسی بھی پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ خلیل اللہ قاضی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ آپریشن ضرب عضب کا ایک سال پایہ تکمیل کو پہنچا جس میں مسلح افواج نے بے مثال کامیابیاں حاصل کیں، پوری قوم ان کامیابیوں کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ عالمی امن کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو پوری دنیا سراہتی ہے۔ جان کیری نے وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون کرکے افواج پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو اور اس سے قبل بھارتی وزیراعظم کے متنازعہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے۔ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، اگر پاک بھارت تعلقات اور مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی پیشرفت ہوتی ہے تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے روس میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے اعظم کی متوقع ملاقات پر تبصرہ سے گریز کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا کہ اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کس سطح پر کی جائے گی۔