Friday, May 10, 2024

دنیا میں کہیں بھی جلسے جلوس نہیں ہو رہے، ہمیں بھی اجتناب کرنا چاہیے، وزیراعلیٰ بزدار

دنیا میں کہیں بھی جلسے جلوس نہیں ہو رہے، ہمیں بھی اجتناب کرنا چاہیے، وزیراعلیٰ بزدار
December 7, 2020

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں، دنیا میں کہیں بھی جلسے جلوس جیسی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں، ہمیں اس طرح کے کاموں سے اجتناب کرنا چاہیے۔

لاہور کے جیلانی پارک میں گُلِ داؤدی کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بزدار کا کہنا تھا کہ کسی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گُلِ داؤدی کی نمائش بھی دیکھی، نمائش میں گُلِ داؤدی کی مختلف اقسام میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا اور نمائش کے انعقاد پر پی ایچ اے کی کاوش کو سراہا۔ پی ایچ اے کے حکام نے وزیراعلیٰ کو گُلِ داؤدی کی نمائش کے بارے میں بریفنگ دی۔ یہ نمائش 7 روز تک جاری رہے گی۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، مشیر محمد آصف، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری ہاؤسنگ، چیئرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی، ڈی جی پی ایچ اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس سے دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی تھی۔ سیاسی معاملات اور ٹائیگرز فورس کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کے مسترد شدہ عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں، یہ ٹولہ صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے اکٹھا ہے، عام آدمی کے مسائل ان لوگوں کا کوئی واسطہ نہیں۔

اُنہوں نے کہنا تھا، حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، بدقسمتی سے پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلا رہی ہے۔ اِن عناصرکی قسمت میں صرف رونا ہی لکھا ہے۔

عثمان ڈار نے مزید کہا، پی ڈی ایم ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے، اپوزیشن ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو اپاہج کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔