Tuesday, May 7, 2024

دنیا میں کورونا کی دوسری لہر سے تباہی، ہلاکتیں 16 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز

دنیا میں کورونا کی دوسری لہر سے تباہی، ہلاکتیں 16 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز
December 19, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) دنیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے تباہی مچا دی، بھارت ایک کروڑ سے زائد کورونا متاثرین والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا، اُدھر امریکا نے ماڈرنا کی کورونا ویکسین کے استعمال کی بھی منظوری دے دی۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 16 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئیں ہیں۔

مودی کی ناکام پالیسیوں نے بھارتی عوام کو موت کے منہ میں دھکیل دیا، بھارت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا۔

بھارت میں گزشتہ روز کورونا کے تقریباً 27 ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی، جو امریکا کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ تعداد ہے، 24 گھنٹے کے دوران 342  مریضوں کی ہلاکت کے بعد بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی ہٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر موجود امریکا نے وباء کیخلاف ایک اور ویکسین کی منظوری دے دی ہے، ایف ڈی اے نے ماڈرنا کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے۔

امریکا ماڈرنا کے استعمال کی اجازت دینے اور وبا کیخلاف ’’ دو ‘‘ ویکسینز استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ امریکی انتظامیہ نے ماڈرنا کی 20 کروڑ خوراکیں خریدنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکا میں کورونا متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے، وہاں کم و بیش ایک کروڑ 80 لاکھ شہری وائرس سے متاثر ہیں، جبکہ 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔