Friday, April 26, 2024

دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 35 لاکھ تک جا پہنچی

دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 35 لاکھ تک جا پہنچی
January 15, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) کورونا کے خوفناک وار جاری ہیں۔ دنیا میں ہلاکتیں 20 لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 35 لاکھ تک جا پہنچی۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 ہزار 69 افراد کورونا سے چل بسے۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 97 ہزار سے زائد ہو گئی۔ میکسیکو میں مزید ایک ہزار 235، برازیل میں ایک  ہزار 151، جرمنی میں ایک ہزار 88 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

بھارت میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 151954 ہو گئی ، انڈونیشیا میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 295 ہلاک، بیلجیم میں میں 56 ہلاکتیں ہوئیں۔ دنیا بھر میں کورونا کے 6 کروڑ 67 لاکھ 69 ہزار 739 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف ڈبلیو ایچ او نے عالمی برادری کو الٹی مٹیم دے دیا۔ کورونا کی دوسری لہر اور دوسرا سال دونوں ہی زیادہ خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کا دوسرا سال پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے، کورونا وائرس کی تحقیقات کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین ووہان پہنچ گئے ۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہرنے امریکا اور یورپ میں تباہی مچائی ، یہ پہلے سال کی نسبت زیادہ خطرناک اور چیلنجنگ ثابت ہو گی۔ ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی آفسر مائیک رین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کو روکنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔