Saturday, April 20, 2024

دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں 20 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئیں

دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں 20 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئیں
January 19, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) کورونا کی دہشت برقرار ہے۔ دنیا میں ہلاکتیں 20 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئیں۔ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 60 لاکھ تک جا پہنچی۔

امریکا چار لاکھ 8 ہزار اموات، 2 کروڑ 46 لاکھ متاثرین کے ساتھ سر فہرست رہا۔ برازیل میں کورونا سے ہلاکتیں 2 لاکھ 10 ہزار، بھارت میں ایک لاکھ 52 ہزارسے زائد ہو گئیں۔ میکسیکو میں ایک لاکھ 41 ہزار، برطانیہ میں 90 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 3 ہزار 471 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

دوسری طرف ڈبلیو ایچ او نے عالمی برادری کو الٹی مٹیم دے دیا۔ کورونا کی دوسری لہر اور دوسرا سال دونوں ہی زیادہ خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کا دوسرا سال پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہرنے امریکا اور یورپ میں تباہی مچائی ، یہ پہلے سال کی نسبت زیادہ خطرناک اور چیلنجنگ ثابت ہو گی۔ ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی آفسر مائیک رین کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کو روکنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔