Thursday, May 9, 2024

دنیا میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 23 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئیں

دنیا میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 23 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئیں
February 10, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا بے قابو ہو گیا۔ چوبیس گھنٹوں میں 13 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی ہلاکتیں 23 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں دو کروڑ چھپن لاکھ انتالیس ہزار مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیٹ ہیں جن میں سے ایک لاکھ تین ہزار کی حالت تشویش ناک جبکہ سات کروڑ ترانوے لاکھ بائیس ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے فہرست میں امریکا پہلے، بھارت دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہیں۔

سعودی عرب اسی فہرست میں انتالیسویں نمبر پر آگیا ہے۔ سعودی عرب میں وائرس سے اب تک  اموات چھ ہزار چار سو چھ رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد تین لاکھ ستر ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

ادھر برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں کورونا وائرس کی جنوبی افریقی میں سامنے آنے والی قسم سے متاثرہ مریض رپورٹ  ہوا ہے جس کے بعد مقامی کونسل نے ویلی رینج اور موس سائیڈ کے رہائیشیوں کو کورونا ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کر دی ہے۔

چین میں موجود عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے کسی جانور سے پھیلنے کے شواہد ابھی تک نہیں ملے۔ ٹیم نے وائرس کے چین کی لیبارٹری سے پھیلنے کے مفروضے کو بھی رد کرد یا ہے۔