Wednesday, May 8, 2024

دنیا سے مضبوط سفارتی، تجارتی اور سیاسی تعلقات چاہتے ہیں ، ملا ہیبت اللہ اخونزادہ

دنیا سے مضبوط سفارتی، تجارتی اور سیاسی تعلقات چاہتے ہیں ، ملا ہیبت اللہ اخونزادہ
July 18, 2021

کابل (92 نیوز) افغان طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کا کہنا ہے دنیا سے مضبوط سفارتی، تجارتی اور سیاسی تعلقات چاہتے ہیں۔

افغانستان میں امن کے حصول کے لئے عالمی برادری سمیت کابل حکومت اور طالبان بھی پرامید ہیں۔ خانہ جنگی سے بچنے کے لئے اسٹیک ہولڈر سر جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی جانب سے بھی عید سے قبل حوصلہ افزا پیغام جاری کیا گیا ہے۔ افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے کہا ہے کہ امریکا سمیت عالمی برادری کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن ہم وطنوں کو ہمارا پیغام یہی ہے کہ غیر ملکیوں پر انحصار کرنے کے بجائے مسائل خود حل کریں اور ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالیں۔

ہیبت اللہ اخونزادہ  کا مزید کہنا تھا کہ طالبان جنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، مخالفین وقت ضائع کر رہے ہیں۔ ہمارا پیغام واضح ہے کہ سر زمین بچانے کیلئے غیر ملکیوں پر انحصار نہیں کرنا چاہیئے۔ باہر کے لوگوں کی بجائے ہمیں اپنے مسائل مل جل کر حل کرنے چاہئیں۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کافی عرصے سے تعطل کے شکار بین الافغان مذاکرات کا دوبارہ سے آغاز ہو چکا ہے۔ مذاکرات میں افغانستان کی موجودہ حکومت کو ختم کرکے عبوری حکومت کے قیام، جنگ بندی کی شرائط اور مزید طالبان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم کسی بھی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا۔ مذاکرات کے مزید دور بھی ہوں گے۔