Tuesday, April 23, 2024

دنیا بھرمیں کشمیری آج مقبوضہ کشمیرپربھارتی غاصبانہ قبضے کیخلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں

دنیا بھرمیں کشمیری آج مقبوضہ کشمیرپربھارتی غاصبانہ قبضے کیخلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں
October 27, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) دنیا  بھر میں کشمیری آج مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر شہر ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ 27 اکتوبر 1947 کو غاصب بھارتی فوج وادی کشمیر میں داخل ہوئی تھی ۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 71 برس گزر گئے، قابض بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کردی، مقبوضہ وادی میں انسانیت سوز مظالم کیخلاف پاکستان میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔کشمیری  بھی دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں ۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے بھارتی فورسز کے ظلم وستم کیخلاف ریلیاں نکالی جارہی ہیں ۔ اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، حیدرآباد اور آزادکشمیر سمیت شہر شہر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ جغرافیائی، ثقافتی اور مذہبی لحاظ سے کشمیر پاکستان کا حصہ ہونے کے باوجود کشمیر کےراجہ ہری سنگھ نے اسے بھارت میں شامل کرنے کی مذموم کوشش کی ۔ ستائیس اکتوبر 1947 مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فوج پہلی بار وادی میں داخل ہوئی، 27 اکتوبر کو کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ مناتے ہیں ۔ یکم جنوری 1948 کو کشمیر کا معاملہ بھارت سلامتی کونسل میں لے گیا، جہاں اسے متنازعہ علاقہ قرار دیتے ہوئے رائے شماری کی قرارداد منظور کی گئی لیکن 70 برس گزرنے کے باوجود بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو وعدے کے باوجود حق خود ارادیت نہیں دے رہا۔