Wednesday, May 8, 2024

دنیا بھرمیں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3594 ہوگئی

دنیا بھرمیں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3594 ہوگئی
March 8, 2020
ووہان (92 نیوز) دنیا بھرمیں خطرناک کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہزار پانچ سو چورانوے ہوگئی۔ ایک لاکھ چھ ہزار سے زائد متاثر ہیں۔ چین میں قرنطینہ کیا گیا ہوٹل گرنے سے چار افراد ہلاک اور درجنوں ملبے تلے دب گئے۔ اٹلی میں بے قابو ہوتے کرونا وائرس کو روکنے کیلئے لومبارڈی کے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ افراد کوکوارنٹین کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ کرونا وائرس نے چین سمیت پوری دنیا پر خوف و ہراس قائم کررکھا ہے، اٹلی میں وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور دو سو تینتیس افراد کی ہلاکت کے بعد حکومت نے لومبارڈی ریجن کوقرنطینہ کرنے کا اعلان کر دیا جو تین اپریل تک جاری رہے گا۔ اس اقدام سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ  افراد متاثر ہونگے۔ امریکی ریاست نیویارک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد تیرہ سے بڑھ کر نواسی ہوگئی،گورنر اینڈریو کومو نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے ۔۔امریکا میں وائرس کے باعث اب تک انیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں، برطانیہ میں مزید بیالیس مریضوں کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد دو سو نو ہوگئی ہے۔ دوسری جانب چین کے شہر گوانگزو میں  قرنطینہ کیا گیا ہوٹل زمین بوس ہوگیا۔ ملبے تلے پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حادثے کے وقت عمارت میں اسی افراد موجود تھے۔ جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے مزید 93 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد سات ہزار ایک سو چونتیس ہوگئی ہے۔ ایران میں کرونا وائرس کے سبب ایک سو پینتالیس افراد ہلاک اور چھ ہزار کے قریب متاثر ہوچکے ہیں، لاطینی امریکی ملک ارجنٹائن میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی۔