Friday, April 19, 2024

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج کتاب کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج کتاب کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
April 23, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج کتاب کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، تاہم علم کے لازوال خزینے انسان کی ناقدری کے باعث حالیہ دور میں اپنی اہمیت کھو چکے ہیں۔ زندگی گزارنے  کے اصولوں پر مبنی اہم کتب فٹ پاتھ پر اپنے خریدے جانے کے منتظر ہیں مگر انہیں خریدنے والوں کا دور دور تک نام و نشان نہیں۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا، کتاب کے عالمی دن پر سڑکوں کی گرد چھانتے یہ علم کے خزینے اپنی بے قدری پر خون کے آنسو رو رہے ہیں، جبکہ کتاب سے لگاو رکھنے والے قارئین بھی علم کی یہ حالت دیکھ کر دل شکستہ ہیں۔ امیں پور بازار کے باہر ڈھیر کی صورت میں پڑی یہ کتابیں جن میں زندگی کے ہر شعبے سے متعلق جامع مواد موجود ہے، مٹی کے ساتھ مٹی بنتی جا رہی ہیں۔ علم کی دولت سے مالا مال کتب، اگر زبان رکھتیں تو عالمی دن پر یقینا عوام کی اس نظر اندازی کا درد ضرور بیان کرتیں۔ شہریوں کا کہنا ہے تیز رفتار اس دور میں کتاب سے دوری زوال پزیری کی وجہ بن رہی ہے۔ ماضی کے تجربات کا سبق دینے والی کتابوں سے دوری انسان کے حال میں بے حال ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ کتاب کی ناقدری کا یہ عالم ہو چکا، کہ پاوں میں پہننے والے جوتے شیشوں میں اور علم کا خزانہ گرد میں اٹا سربازار بک رہا ہے۔