Saturday, May 18, 2024

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج پانی کا دن منایا جارہا ہے

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج پانی کا دن منایا جارہا ہے
March 22, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج پانی کا دن منایا جارہا ہے۔ پانی کے ممکنہ بحران سے بچنے کیلئے ملک میں مزید آبی ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہے۔

 اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہر سال22 مارچ کو  پانی کا عالمی دِن منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا  بنیادی مقصد پانی کی بچت اور اُس کے باکفایت استعمال سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

 انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی تقسیم کا جو معاہدہ طے پا چکا ہے ہم اس پر پوری طرح کار بند ہیں۔

پانی کی فی کس دستیابی کے اعتبار سے پاکستان کا شمار  آبی قلت  کے شکار ممالک میں ہوتا ہے اور اس صورتحال میں بہتری لانے کے لیے اگر بروقت اقدامات نہ اُٹھائے گئے تو پاکستان پانی کے شدید بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔

گزشتہ چالیس پچاس سال کے دوران ہمارے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ 1976ء میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 16.26 ملین ایکڑ فٹ تھی ، جو کم ہو کر 13.68 ملین ایکڑ فٹ رہ گئی ہے۔

پاکستان میں آبی وسائل  کو ترقی  کے ادارے واپڈا  کے مطابق  2025ء تک پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 2 ملین ایکڑ فٹ  ، 2030ء تک مزید 8 ملین ایکڑ فٹ  جبکہ طویل مدتی پلان کی تکمیل پر 2050 ء تک ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں مزید 28 ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہو جائے گا۔