Saturday, May 18, 2024

دنیا بھر میں23 مارچ بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے

دنیا بھر میں23 مارچ بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے
March 23, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان کی طرح دنیا بھر میں 23مارچ بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے ، امریکا، بھارت، فرانس اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانوں میں پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔  ترکی میں ایشیا اور یورپ کو جوڑنے والے مشہور زمانہ پل کو ہرے قمقموں سے روشن کردیا گیا۔

پاکستان مشن نیویارک میں یوم پاکستان کی تقریب ہوئی جس میں غیر ملکی سفراء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے، آج کا پاکستان مکمل طور پر پر امید اور پر اعتماد ہے۔

اس موقع پر 23 مارچ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

بھارتی دارالحکومت  نئی دہلی میں بھی پاکستان زندہ باد کے  نعرے لگے ، پاکستان ہائی کمیشن میں 23 مارچ کے حوالے سے پُروقار تقریب ہوئی،جس میں پاکستانی ہائی کمشنر، سفارتی حکام اور ان کے اہلخانہ شریک ہوئے۔

اس موقع پرملی نغمے چلے تو شرکا بھی پر جوش  گئے ۔

برادر ملک ترکی میں 23مارچ کے حوالے سے خصوصی تیاریاں کی گئیں، دارالحکومت انقرہ کے مشہور عطاکلےٹاور پر جیوے جیوے پاکستان لکھا گیا۔

 استنبول میں ایشیا اور یورپ کو ملانے والے پُل پر بھی سبز ہلالی رنگوں والے برقی قمقمے روشن کردیے گئے۔

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں یوم پاکستان منایا گیا، اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک بنانے کا عہد کیا گیا۔

دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ میں 23 مارچ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قونصل جنرل احمد امجد علی سمیت پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی، اس موقع پر بچوں نے ملی نغموں پر خوب صورت ٹیبلو بھی پیش کیے۔