Wednesday, April 24, 2024

دنیا بھر میں ہلچل مچانے والی پاناما لیکس کی دوسری قسط کل جاری ہو گی

دنیا بھر میں ہلچل مچانے والی پاناما لیکس کی دوسری قسط کل جاری ہو گی
May 8, 2016
لاہور (92نیوز) دنیا بھر کی سیاست میں ہلچل مچانے کے بعد پاناما لیکس کی دوسری قسط جاری ہونے کو ہے۔ موزیک فرانسیکا نامی کمپنی دوسرا دھماکا کل کررہی ہے جس میں مزید دو لاکھ آف شور کمپنیوں کا بھانڈا پھوڑا جائے گا۔ سیاستدان دل تھام لیں کیونکہ اصل لیکس تو اب سامنے آنے والی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس نے دنیا بھر میں سیاسی درو دیوار ہلا کر رکھ دیے۔ سیاست میں طوفان ہے کے تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا لیکن پاناما لیکس کی اصل کہانی تو اب شروع ہونے کو ہے۔ جب نو مئی کو لیکس کا دوسرا حصہ سیاسی طوفان لائے گا۔ مزید دو لاکھ آف شور کمپنیوں کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ ریلیز کیا جانے والا ڈیٹا پہلے سے سامنے لائے گئے ڈیٹا سے بھی زیادہ ہو گا۔ ڈیٹا میں دو سو ممالک کے لوگوں کے نام شامل ہونگے جنہوں نے ٹیکس سے بچنے کے لئے کمپنیاں اور فاونڈیشنز بنا رکھی ہیں۔ فہرست میں درجنوں پاکستانی سیاستدانوں، کاروباری شخصیات کے نام بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔ آف شور کمپنیوں کے پیچھے چھپے لوگوں کے بارے میں بھی معلومات ہوں گی۔ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس کے مطابق لیکس میں ایک لاکھ ایڈیشنل کمپنیوں کا بھی ذکر کیا جائے گا جو دو ہزار تیرہ میں موجود تھیں۔ آئی سی آئی جے کے مطابق ذاتی معلومات جاری نہیں کی جائیں گی جس میں بینک اکاونٹس نمبر، ٹرانزیکشنز، ای میل، پاسپورٹس اور ٹیلی فون نمبرشامل ہیں۔ البتہ صرف مخصوص معلومات ہی دی جائیں گی۔