Thursday, April 25, 2024

دنیا بھر میں ہلچل مچا دینے والی وکی لیکس کے بانی جولین اسانج سات سال بعد گرفتار

دنیا بھر میں ہلچل مچا دینے والی وکی لیکس کے بانی جولین اسانج سات سال بعد گرفتار
April 11, 2019

 لندن (92 نیوز) دنیا بھر میں ہلچل مچا دینے والی وکی لیکس کے بانی جولین اسانج سات سال بعد گرفتار کر لیئے گئے۔ جولین اسانج نے لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں سیاسی پناہ لے رکھی تھی۔

 وکی لیکس کے بانی گذشتہ سات سال سے لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ ایکواڈور کے صدر کا کہنا ہے کہ جولین اسانج کی جانب سے بارہا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی جس کے بعد سیاسی پناہ گزین کا درجہ ختم کر دیا گیا۔

 برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ جولین اسانج اس وقت برطانوی پولیس کی حراست میں ہیں۔ انہیں برطانیہ میں عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 وکی لیکس نے ٹویٹ کیا ہے کہ ایکواڈور نے غیر قانونی طور پر جولین کا سیاسی پناہ گزین کا درجہ ختم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

 دو ہزار چھ میں جولین اسانج کی خفیہ ویب سائٹ وکی لیکس منظر عام پر آئی، جس کا مقصد امرا، حکومتوں اور مسلح افواج کے راز افشا کرنے تھے۔ اسی ویب سائٹ نے دو ہزار دس میں عراق جنگ کی خفیہ دستاویز اور امریکی خفیہ نیٹ ورک کے ہزاروں خطوط شائع کرکے تہلکہ مچا دیا تھا۔