Friday, May 17, 2024

دنیا بھر میں گرمی کی لہر !!! ماہرین نے انسان کو ذمہ دار قرار دیدیا

دنیا بھر میں گرمی کی لہر !!! ماہرین نے انسان کو ذمہ دار قرار دیدیا
July 2, 2015
لاہور (92نیوز) دنیا بھر میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، کئی ممالک میں گرمی کے 100سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ کیا وجہ ہے کہ سورج نے اچانک آنکھیں دکھانا شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق زمین روزبروز دہک رہی ہے، شدید موسم نے ماہرین کو بھی چکرا دیا ہے۔ کاربن کے بے دریغ استعمال نے اوزون کی تہ کو نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں درجہ حرارت بڑھ رہاہے۔ گلیشیئر تیزی سے پگھلنے کے باعث خطہ ارض کے بعض علاقوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا خطرہ ہے جبکہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ مغربی دنیا میں گرمی کی بڑی وجہ تیزی سے جنگلات کی کٹائی ہے۔ ماہرین کے مطابق برازیل اور جنوبی امریکہ میں پھیلے ایمزون کے جنگلات تیزی سے کٹ رہے ہیں۔ دنیا کے سب سے وسیع پیمانے پر پھیلے یہ جنگلات مغربی دنیا میں بارشوں کے سسٹم کا اہم جزو ہیں مگر جنگلات کی کٹائی سورج کو آنکھیں دکھانے کا جواز فراہم کر رہی ہے۔ مشرقی خطے میں صنعتیں ماحولیاتی آلودگی پھیلا رہی ہیں جس کی وجہ سے بھارت ، چین ، بنگلا دیش ، برما سمیت دیگر ممالک میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے۔ شدید موسم کے باعث قدرتی ایکو سسٹم کو بھی خطرہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں گرمی کا 160سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جبکہ فرانس، اٹلی ، یونان ، جرمنی ، آسٹریا ، ہنگری میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت 39ڈگری سینٹی گریڈ ہوا ہے۔