Wednesday, April 24, 2024

دنیا بھر میں کورونا کے باعث اموات 88 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھر میں کورونا کے باعث اموات 88 ہزار سے تجاوز کر گئیں
April 9, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا کے باعث اموات 88 ہزار سے تجاوز کر گئیں ۔ امریکا میں مسلسل دوسرے روز بھی دو ہزار کے قریب افراد جان سے گئے۔ مجموعی اموات چودہ ہزار آٹھ سو ہو گئیں۔ برطانیہ میں مزید 938، اسپین میں 747 ، اٹلی میں 542 اور فرانس میں541 افراد لقمہ اجل بنے۔ دنیا بھر میں قاتل وائرس کورونا کے وار جاری ہیں ۔ کورونا روزانہ ہزاروں افراد کو موت کے منہ میں دھکیل رہا ہے۔ امریکا میں صورتحال انتہائی تشویشناک  ہے جہاں مسلسل دو روز کے دوران دو دو ہزار کے قریب  افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متاثرین کی تعداد سوا چار لاکھ سے  تجاوز کر چکی ہے۔ برطانیہ میں بھی وائرس قابو سے باہر ہے۔ برطانوی وزیر اعظم  کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے  لیکن ابھی انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں توسیع کے حوالے سے فیصلہ کچھ دن میں ہو گا۔ یورپ میں بھی صورتحال بہتر نہیں ہوئی۔ ہر روز سیکڑوں اموات رپورٹ ہورہی  ہیں ۔ اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی  ہوئی ہے پھر بھی اسپین میں چوبیس گھنٹوں میں  سات سو سنتالیس  اٹلی میں پانچ سو بیالیس  اور فرانس میں پانچ سو اکتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہیں۔ ترکی اور بیلجیم میں بھی ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ نیدر لینڈ میں بھی دو ہزار دو سو اڑتالیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جرمنی میں ایک دن میں تین سو تینتس اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ایران میں مزید ایک سو اکیس  افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی اموات ہلاکتیں تین ہزار نو سے بڑھ چکی ہیں۔ ساڑھے چونسٹھ ہزار سے زائد متاثر ہیں۔ کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کے صحت مند ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دنیا بھر میں تین لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔